اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):ملک بھر میں پیر 23 مارچ کو یوم پاکستان قومی اتحاد اور بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پوری قوم نے اپنے اس عزم کی تجدید کی کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے مزید انتھک محنت، اتحاد اور قربانی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کا آغاز اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جو قومی وقار، خودمختاری اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی یک جہتی کے ساتھ ساتھ
شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس اہم قومی دن کی مناسبت سے اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے گئے جس قومی وقار اور ہم آہنگی کی عکاسی ہوتی ہے۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر حصوں کی طرح آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم پاکستان بھر پور قومی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔دارالحکومت مظفرآباد میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سالمیت اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی جلد آزادی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مظفر آباد میں قومی پرچم لہرایا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ، اس موقع پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔یوم پاکستان کے موقع پر قومی قیادت نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا تو دوسری جانب عوامی سطح پر بھی یوم پاکستان بھر قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی یوم پاکستان ٹاپ ٹرینڈ رہا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے بانیان پاکستان سمیت شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف پوسٹوں میں اپنے قومی جذبات کا اظہار کیا۔
