اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم اپنے عظیم محسنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، جن کی بے مثال قیادت اور وژن نے ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے قیام کو ممکن بنایا۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور دیگر بانیانِ پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیاں آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔23 مارچ اس تاریخی عہد کی یاد دلاتا ہے جب
برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا عزم کیا۔ ایک ایسی مملکت جہاں وہ اپنے عقائد، ثقافت اور شناخت کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ سرزمین ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کی گئی اور جس کی بنیاد ایمان، اتحاد اور یقینِ محکم جیسے سنہری اصولوں پر رکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر قوم اپنے شہداء اور اُن بے شمار گمنام ہیروز کو بھی سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی عظیم قربانیاں ہماری آزادی کی اصل ضمانت اور ہمارے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ان اصولوں کی پاسداری کریں گے جن پر اس عظیم مملکت کی بنیاد رکھی گئی۔
