راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی):چیف آف آرمی سٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید منانے کیلئے کرم کا دورہ کیا ۔ فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی ، پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعاکی ۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس
ریلیز کے مطابق جوانوں اور افسروں سے گفتگو کے دوران فیلڈ رمارشل نے انہیں عید کی مبارکباد پیش کی اور قوم کےتحفظ کیلئے ان کی غیر متزلز ل لگن ، بلند حوصلے اور مثالی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ۔جوانوں کی بہادری اور جذبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے آپریشن غضب للحق کے دوران ان کی کامیابیوں کی تعریف کی جس کا مقصددہشتگردوں کے نیٹ ورک
کا خاتمہ اور سرحدی علاقوں میں دیرپا امن کو یقینی بنانا تھا ۔ انہوں نے زور دے کرکہاکہ سرحد پار افغانستان میں پناہ گاہوں سے سرگرم دہشتگردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہچانے کی اجازت نہیں دی جائےگی ۔علاقائی امن و استحکام کیلئے
پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں کیلئے افغان سر زمین کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔فارمیشنز کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئےفیلڈ مارشل نے آپریشنل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپریشنل کامیابیاں شہدا کی عظیم قربانیوں اور غازیوں کے پختہ عزم کا ثمر ہیں ۔ قبل ازیں ضلع کرم آمد پر کورکمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا ۔

