لاہور( نمائندہ خصوصی )چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے لاہور کے علاقے نتھوکی گاؤں میں گھریلو ناچاقی پر شوہر کے ہاتھوں خاتون ارم کے قتل کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق خواتین کے خلاف تشدد، ظلم اور ایسے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کو اس کے اپنے گھر میں تشدد
اور قتل کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور انسانیت سوز فعل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہڈیارہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر آصف کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیس کی ہر پہلو سے میرٹ پر تحقیقات کی جائیں اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے۔چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے اور ان کی جان لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے سفاک عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کے تحفظ، انصاف اور عزت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”خواتین کے لیے محفوظ پنجاب” کے تحت کسی بھی مظلوم خاتون کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس کیس کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی کرے گی۔
