پشاور۔(نمائندہ خصوصی):حکومت خیبر پختونخوا یومِ پاکستان 23 مارچ 2026 کو ایک منفرد اور تاریخی شجرکاری مہم کے ذریعے منانے جا رہی ہے جس کے تحت پورے صوبے میں ایک ہی دن میں 10 لاکھ پودے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔ یہ اقدام نہ صرف یومِ پاکستان کی قومی اہمیت کو اجاگر کرے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کی ایک مؤثر کوشش بھی ثابت ہوگا۔ محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کے ترجمان لطیف الرحمان نے قومی خبر رساں ادارے "اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا جنید خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی ویژن “سرسبز خیبر پختونخوا” کے تحت
یہ شجرکاری مہم صوبے بھر میں بیک وقت شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں دس لاکھ پودے لگانے کا یہ اقدام پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کارنامہ ہوگا جو نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ قومی شعور کو بیدار کرنے کی ایک بھرپور علامت بھی بنے گا۔ یوم پاکستان کے تاریخی دن کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ خیبر پختونخوا نے اس بار اس قومی دن کو ایک “سبز عہد” میں ڈھالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آزادی کے ثمرات کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ اور پائیدار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ایسے میں درخت لگانا نہ صرف ماحول کے تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ صاف ہوا، بہتر ماحولیاتی توازن اور پائیدار ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ اس تاریخی مہم کے لئے صوبے کے تمام اضلاع کو محکمہ جنگلات کی سرکاری نرسریوں سے پودوں کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ 23 مارچ کو صبح 9 بجے باضابطہ طور پر شجرکاری کا آغاز کیا جائے گا اور یہ مہم آخری پودا لگانے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔شجرکاری کے اس تاریخی عمل کی شفاف نگرانی اور مکمل ریکارڈ کے لئے ایک خصوصی سافٹ ویئر اپلیکیشن اور مرکزی کنٹرول سینٹر میں جدید ڈیش بورڈ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے پودوں کی ترسیل، شجرکاری کے مقامات اور پودے لگانے کے تمام مراحل کی تفصیلات موبائل فون کے ذریعے تصاویر اور لائیو ویڈیو کے ساتھ مرکزی سینٹر کو ارسال کی جائیں گی۔دور افتادہ علاقوں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت محدود ہے وہاں آف لائن ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی اس خصوصی ایپلی کیشن میں فراہم کی گئی ہے۔ اس ریکارڈ شجرکاری مہم میں سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، ضلعی انتظامیہ، موٹروے پولیس، پاکستان ریلوے، مقامی کمیونٹیز اور افواجِ پاکستان سمیت معاشرے کے تمام طبقات بھرپور انداز میں شرکت کریں گے تاکہ یہ قومی مہم عوامی شراکت داری کی ایک روشن مثال بن سکے۔ اگر ہر شہری ایک درخت کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر اس کی حفاظت کرے تو یہی پودے آنے والے برسوں میں ایک سرسبز، خوشحال اور ماحولیاتی طور پر محفوظ پاکستان کی بنیاد ثابت ہوں گے۔
