ڈیلاس ( نمائندہ خصوصی) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر”فرینڈز آف کشمیر” کے زیر اہتمام ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین
کو درپیش مسائل پر تفصیل سے بات کی۔تقریب کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کی مشکلات اجاگر کیں، خصوصاً آسیہ اندرابی اور اُن کی ساتھی کارکنان کا حوالہ دیا جو اس وقت بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ اُن کا "جرم” صرف یہ ہے کہ وہ بھارتی قبضے سے آزادی کا مطالبہ کرتی ہیں۔مولانا اصیل خان، اشرف بشیر، برکت بسیریا، فاطمہ میر ، طلعت خان ، زینب علی اور دیگر مقررین نے بھی خواتین کے مسائل، جبری حراست، اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے پر زور دیا۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب میں موجود خواتین وحضرات نے بھی اپنے خیالات پیش کیے اور کشمیر کی خواتین کے لیے آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری خواتین کے حق میں عملی اقدامات کرے۔

