اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فون پر اسرائیل اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور ایران کی جانب سے کئی خلیجی ممالک بشمول مملکت بحرین پر جوابی حملوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جاری بحران پر تبادلہ خیال کیا۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے
جاری بیان کے مطابق بحرین کے فرمانروا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی بلا اشتعال جارحیت سے صورتحال مزید خراب ہوتی ہے اور پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔وزیرِ اعظم نے بحرین کی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان بحرین اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور اس مشکل وقت میں تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گا اور تمام فریقین پر زور دے گا کہ وہ سفارت کاری سے بحران کا مذاکراتی حل تلاش کریں۔
