کراچی۔ ( نمائندہ خصوصی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک یو اے ای تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات روشن ہیں۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائل فیملی کے خلیفہ القمزی، شیخ سلطان بن زائد النہیان کے ڈائریکٹر علی المنصوری اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ کے ناصر الطلحائی سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر یو اے ای کے قونصل
جنرل بخیط عتیق الرومیتھی بھی موجود تھے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔=وفد نے گورنر انیشی ایٹو کے تحت آئی ٹی کے جدید کورسز کی مفت فراہمی کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وفد کے اراکین نے بتایا کہ آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے دبئی کی مختلف کمپنیوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
