اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ پاکستان امن اورپرامن بقائے باہمی کی قیمت دینے کیلئے تیارہے تاہم خون کاحساب لیاجائے گا ۔بدھ کوقومی اسمبلی میں ذاتی وضاحت کے نکتہ پراظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہداکے معاملہ پر ہمیں متفق ہوناہوگا، پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغانوں کی میزبانی کی ہے، ہجرت کی وجہ اب موجود
نہیں ہے اور وہاں پرامن قائم ہوچکاہے اوران کی حکومت بھی بنی ہے اس لئے افغان مہاجرین کوواپس جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ افغان ٹریڈبھی جاری ہے اوروہاں کیلئے جا نے والی اشیا ء پاکستان سمگل ہوتی رہی ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم مہذب ہمسایوں کی طرح رہ سکتے ہیں، ہم نے پرامن بقائے باہمی کیلئے مذاکرات بھی کئے مگراس کے باوجود افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پرحملے ہوتے ہیں۔ کم از کم ایک نکتہ پرپوری قوم کومتفق ہونا چاہیے کہ شہداکاخون رائیگاں نہیں جاناچاہیے، ہم اس خون کے ایک ایک قطرے کاحساب لیں گے،جب ہماری سیکورٹی فورسز کے اہلکار شہید ہورہے تھے اس وقت بھی ہم دوحہ اوراستنبول میں مذاکرات کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امن اورپرامن بقائے باہمی کیلئے قیمت اداکرنے کوتیارہے مگرخون کاحساب لیاجائے گا۔
