سرینگر ( نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز آویزاں کئے گئے ہیں جن میں ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر بدھ کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا
سروس کے مطابق پوسٹرز میں انیس سو سینتالیس سے لے کر اب تک پانچ لاکھ سے زائد شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جن میں استصواب رائے کیلئے ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا گیا۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار کا ازالہ کریں جو اپنے منصفانہ مطالبات کے لیے تین دہائیوں سے زائد کی قید کاٹ چکے ہیں۔پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام خطے کے خلاف بھارت اور ہندوتوا طاقتوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیں گے، اور کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زمین غیر کشمیریوں کو فروخت کرنے سے گریز کریں۔ادھر ممتاز حریت رہنما ڈاکٹر قاسم فکتو مقبوضہ جموں و کشمیر میں قید و بند کے تینتیس سال مکمل کر چکے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر قاسم فکتو اس وقت بھارتی ہریانہ کی گھرگاو جیل میں ہیں، وہ تیرہ نومبرانیس سو سڑسٹھ کو سرینگر کے علاقے ZALDAGAR میں پیدا ہوئے۔ڈاکٹر قاسم فکتو کو پی ایچ ڈی سمیت تعلیمی اعزازات حاصل ہیں۔دوہزارسولہ میں قید کے دوران انہوں نے اسلامک اسٹڈیز میں ایوارڈ حاصل کیا۔ان کی شادی ممتاز کشمیری حریت رہنما اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی سے ہوئی ڈاکٹرفکتو نے مسلم لیگ کے سربراہ اور مسلم دینی محاذ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔

