پشاور۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے عوام نے پی ٹی آئی کی شٹر ڈاؤن کال کا شٹر بندکرکے اور پہیہ چلا کر بانی پی ٹی آئی کے فسادی بیانیے کو جام کر دیا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کا شکریہ اور ان کو مبارک کہ انہوں نے اپنے آپ پر لگا لیبل مسترد کردیا ہے، عوام نے محسوس کیا کہ یہ جو 13 سال سے جھوٹا بیانیہ پیش کررہے ہیں ، اس پر کب تک یقین کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پشاور میں خیبر پختونخوا بچاؤ تحریک کے تحت ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ثمر بلور، رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم، حاجی حیات خان، ملک ندیم، ملک طارق اعوان ایم پی اے، صوبیہ شاہد ایم پی اے، رحمت سلام خٹک، راشد محمود خان و دیگر عہدیداران
بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ریاست مخالف بیانیہ مسترد کردیا، عوام نے محسوس کیا کہ یہ جو 13 سال سے جھوٹا بیانیہ پیش کررہے ہیں اس پر کب تک یقین کرتے رہیں گے، خیبر پختونخوا کو 13 سالوں سے تجربہ گاہ بنایا ہوا ہے، جھوٹ بول کر عوام کو ورغلا رہے ہیں، عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں تاہم اب یہ مزید نہیں چلے گا، آپ کی دکانداری مزید نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ یہاں ترقی ہو، یہاں جلسے میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی موجود ہے، انہوں نے محسوس کیا کہ وہ سب ترقیاتی کام یہاں کیوں نہیں ہو رہے جو اٹک کے پار ہو رہے ہیں، جو مراعات اور سہولیات اٹک کے پار عوام کو دستیاب ہیں وہ یہاں کیوں نہیں، وہ لیپ ٹاپ، سکالر شپس یہاں بھی ملنے چاہیے، ہسپتالوں میں معیاری اور مفت ادویات ملے، زراعت کے شعبے میں ترقی ہو، جوان دیکھ رہے ہیں کہ وہاں پنجاب میں کیا ہو رہا ہے اور یہاں کیا ہو رہا ہے، پنجاب حکومت اور بہن مریم نواز کے ساتھ ترقی میں مقابلہ کیا جاتا۔وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں دہشتگرد واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدامنی ہے، جنوبی اضلاع میں لوگ رات کو گھروں سے نہیں نکل سکتے، صوبائی حکومت کو امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اسلام آباد خودکش دھماکہ میں ملوث افراد کو جلد پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ دیکھ رہا ہوں کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ کاروبار بند کرنے کا کہہ رہا ہے، وزیراعلیٰ کو ایک طالبہ نے آئینہ دیکھایا تو برا مان گئے، پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ایک وزیراعلیٰ اپنے ہی صوبے کے عوام سے روزگار چھیننے کی بات کر رہا ہے، وزیراعلیٰ خود اپنے صوبے پر تالے لگانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کارکردگی دکھا رہے ہیں، اسی لیے عوام وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی اور قومی مفاد کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں لوگوں کو لایا نہیں جاتا، عوام خود جذبے کے تحت شریک ہوتے ہیں، بہت جلد خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا ماڈل خیبرپختونخوا میں بھی لائیں گے، پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف ناپاک ایجنڈے کے ساتھ سیاست نہیں چل سکتی، معرکۂ حق نے عوام کی سوچ بدل دی، اگر پاک افواج نہ ہوتیں تو دشمن کے عزائم کچھ اور ہوتے، پاک فوج نے اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر ملک کو بچایا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ریفرنڈم میں پاکستان کا ساتھ دیا تھا اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے، چند عناصر کے عزائم خاک میں ملا دیے جائیں گے، ان کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، وہ صرف قیدی نمبر 804 کے گرد گھوم رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا آئینی حصہ ہے، صوبے میں کسی نئی متوازی سوچ یا تجربے کی گنجائش نہیں، خیبر پختونخوا حکومت عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے ترقی پر توجہ دے، خیبر پختونخوا میں عوام بنیادی علاج اور ادویات کی شدید قلت کا شکار ہیں، صوبائی حکومت امن و امان کے لیے سی ٹی ڈی اور پولیس کو مؤثر اور مضبوط بنائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت دوبارہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، زمینی حقائق مختلف ہیں، تحریک انصاف کا بیانیہ عوامی سطح پر اپنی کشش کھو چکا ہے، تحریک انصاف نوجوانوں کو گمراہ کرنے سے باز رہے، نوجوان اب باشعور ہو چکے ہیں۔
