اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کی سربراہی میں ایف آئی اے ایک مثالی ادارہ بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عثمان انور ادارے کو عوام کی توقعات کے مطابق ڈھالنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی
اے کو ایک جدید، مضبوط اور مؤثر ادارہ بنانے کے لئے میری بھرپور سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کرائی کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت کے ذریعے ایف آئی اے کو عالمی معیار پر لایا جائے گا اور ادارے میں بہتری کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے ہیڈکوارٹرز میں زیرِ تعمیر کمیٹی روم کا معائنہ کیا اور ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کی جدید ضروریات کے مطابق ازسرِنو تعمیر و تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی این سی سی آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
