اسلام آباد۔:ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے حسن ابدال میں تاریخی گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیااور خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔وفاقی وزیر محمد اورنگزیب خان اور پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی اس موقع پر ورلڈ بینک کے صدر کے ہمراہ تھے۔اجے پال سنگھ بنگا نے گوردوارے کے لنگر خانہ کا بھی دورہ کیا اور سکھ برادری کے ساتھ کھانا کھایا جو مساوات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔اس موقع پر
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے صدر کے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کے دورہ سے عالمی برادری کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تاریخی مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی
عملی اقدامات کر رہی ہے۔گوردوارہ پنجہ صاحب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ ہر سال ہزاروں مقامی اور غیر ملکی سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی اور خاص طور پر بیساکھی کے موقع پر گوردوارہ سری پنجہ صاحب آتے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری (درگاہیں) متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) حکومت پاکستان ناصر مشتاق،
ایڈیشنل سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب حیدر عباس وٹو، کمشنر راولپنڈی، سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی دورے کے دوران موجود تھے۔
