اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی برسی بدھ 14 جنوری کو منائی گئی۔ ارفع کریم2 فروری 1995 کو لیفٹیننٹ کرنل (ر)امجد کریم رندھاوا کے ہاں فیصل آباد کے گاؤں رام دیوالی میں پیدا ہوئیں جو ایک غیر معمولی ذہین بچی تھی ۔وہ 2004 میں محض 9 سال کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل (ایم سی پی) بن گئیں جب کہ10 سال کی عمر میں پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔ اس بنا پر ارفع کریم کا نام گنیز ورلڈ
ریکارڈز میں درج کیا گیا اور یہ اعزاز 2008ء تک ارفع کریم کے پاس رہا۔ انہوں نے مختلف بین الاقوامی فورمز اور ٹیک ایڈ ڈویلپرز کانفرنسز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 2005میں حکومت نے ارفع کریم کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جبکہ ان کو فاطمہ جناح طلائی تمغہ اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ارفع کریم رندھاوا کے نام پر لاہور میں ایک سائنس پارک ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بھی بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ
کراچی کے آئی ٹی سینٹر کو بھی ارفع کریم نام سے منسوب کیا گیا جبکہ ان کے گاؤں کو بھی ارفع کریم کا نام دیا گیا۔ مزید برآں 2012 میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ارفع کے نام پر ڈاک کا یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔ اسی طرح مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ارفع کریم کو امریکا میں مدعو کیا اور خود ان سے ملاقات بھی کی۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے علاوہ ارفع کریم رندھاوا شاعری میں بھی دلچسپی رکھتی تھیں ،بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ارفع کریم رندھاوا کا نام آج بھی زندہ ہےارفع کریم رندھاوا 14 جنوری 2012 کو 16 سال کی عمر میں عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئیں۔ ان کی
برسی کے موقع پر ان کے آبائی گائوں ارفع کریم نگر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات کاانعقاد کیا گیا اور16سالہ آئی ٹی ایکسپرٹ ارفع کریم رندھاوامرحومہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی برسی کی تقریبات میں مرحومہ کے اہل خانہ سمیت سول سوسائٹی اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
