جدہ۔( نمائندہ خصوصی) :نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو جدہ میں قونصل جنرل آف پاکستان کی نئی چانسری عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، سعودی معززین،جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی، ممتاز پاکستانی شخصیات اورجدہ میں پاکستانی قونصل خانہ کے حکام نے شرکت کی۔ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق افتتاحی تقریب کے دوران نئی چانسری عمارت کے احاطے میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا، بعد ازاں چانسری لان میں شجرکاری کی گئی، فیتہ
کاٹا گیا، تختی کی نقاب کشائی کی گئی اور پاکستان و سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔اس موقع پر ایک مختصر ویڈیو رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں منصوبے کی نمایاں خصوصیات کو اجاگرکیا گیا۔ اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی کاوشوں اور سعودی حکام کے تعاون کو سراہا جن کی بدولت یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مؤثر قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔عمارت اور سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد نائب وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ قونصل خانے کے انتظامی امور اور قونصلر خدمات جلد از جلد نئی چانسری عمارت میں منتقل کی جائیں۔سعودی عرب کے مغربی خطے میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور نئی چانسری عمارت اور اس کی سہولیات کمیونٹی کے لیے خدمات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کریں گی۔
