اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وسیع تر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کےلئے میانمار کے ساتھ مل کر کام کرنے کو اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز کے فعال رکن ہیں، جہاں پاکستان خودمختاری کے احترام، مکالمے اور کثیرالجہتی اصولوں کی بنیاد پر باہمی دلچسپی کے امور پر میانمار کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ میانمار کے یوم آزادی کے موقع پر میانمارکے قائم مقام صدر من آنگ ہلینگ کے نام تہنیتی پیغام میں کیا۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی طرف سے قائم مقام صدر، میانمار کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان خوشگوار تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو میانمار
کی آزادی کے ابتدائی برسوں سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر قائم ہ–یہ تعلقات تاریخی و ثقافتی روابط اور دونوں اقوام کے درمیان خیرسگالی کی روایت سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے تعلقات میں مسلسل بہتری آئی ہے، تجارت، دفاع، صحت، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے، مجھے یقین ہے کہ عملی اقدامات اور مضبوط ادارہ جاتی روابط کے ذریعے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو فروغ دیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم وسیع تر علاقائی روابط کی اہمیت کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) میں میانمار کا کردار علاقائی استحکام اور اقتصادی یکجہتی کےلئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان کے سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر آسیان اور اس کے رکن ممالک بشمول میانمار کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے تاکہ رابطہ، ترقی اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کی جانب سے میانمار کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور سرکاری و نجی شعبوں کے مابین زیادہ سے زیادہ تعامل کی حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، اس نوعیت کی شمولیت ہماری دیرینہ خیرسگالی کو عوام کےلئے ٹھوس ثمرات میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے قائم مقام صدر کی اچھی صحت اور ان کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی خواہش اور میانمار کے عوام کےلئے امن، ترقی اور خوشحالی کےلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
