کراچی (نمائندہ خصوصی) بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ، سائٹ کراچی کا تعلیمی سال 2025–26 اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اختتامی تقاریب کا آغاز 4 جنوری بروز اتوار بعد نمازِ عصر سے رات 10 بجے تک بنوریہ شعبۂ دارالقرآن کے تحت مسابقۂ الشیخ قاری عبدالحلیم سے ہوگا، جس میں شہر بھر کے مدارسِ دینیہ کے طلبہ اور ملک بھر سے قرّاء کرام شرکت کریں گے۔ مسابقے میں کامیاب طلبہ اور ان کے اساتذہ کو7 لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔
اسی سلسلے میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شعبۂ بیرون کے تحت سالانہ کانووکیشن(البرنامج السنوی 2026)بروز ہفتہ 24 جنوری کو منعقد ہوگی، جبکہ بروز اتوار 25 جنوری کو تقریبِ دستارِ فضیلت منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر جامعہ کے مختلف شعبہ
جات سے تعلق رکھنے والے تقریبا پانچ سو فضلاء کرام کو دستارِ فضیلت عطا کی جائے گی۔ تقریبات میں ملک بھر سے جید علما کرام، حکومتی شخصیات، سیاسی و مذہبی قائدین، مختلف ممالک کے سفرا و قونصل جنرلز، وکلا، اسکالرز، صحافی، دانشور، اور ملکی و بین الاقوامی جامعات کے چانسلرز کے علاوہ بیرونِ ممالک سے اعلیٰ شخصیات اور وفود کی شرکت متوقع ہے۔
گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم کی سربراہی میں مجلس تعلیمی کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی سال کی کاکردگی کا جائزہ اور امتحانی نظم اور سالانہ تقریبات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہتمم جامعہ نے کہا کہ جامعہ کی تقریبات میں ملکی و غیرملکی دانشوروں، وکلا، صحافیوں، سیاسی شخصیات اور سفارت کاروں کو مدعو کرنے کا مقصد مدارس کے خلاف عالمی سطح پر پائے جانے والے منفی تاثر کا ازالہ ہے، تاکہ وہ عملی طور پر دیکھ سکیں کہ مدارس تعلیم و کردار سازی میں کس طرح مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدارس معاشرے میں تعلیم کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، اور جامعہ بنوریہ عالمیہ میں اس وقت 75 ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔

