کوئٹہ۔,( نمائندہ خصوصی):وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے ہفتہ کو کوئٹہ میں نیو ٹیک کے زیرِ اہتمام جاری سائبر سکیورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کورسز کے مرکز انوسٹا ڈی ایچ اے کوئٹہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر نیوٹیک حسین بخش مگسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے اور انکے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کورسز کرارہی ہے تاکہ بلوچستان کے باصلاحیت طلبا و طالبات پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔وفاقی حکومت کی کوششوں سےبلوچستان کے 53 ہزار نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سکیورٹی کی تربیت دی جا رہی ہے، جو صوبے کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جبکہ بلوچستان میں چھ دانش اسکول
بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے اور ہمیں اس کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے ۔ دورے کے موقع پر وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کلاسز کا معائنہ کیا اور طلباء سے ملاقات کی ۔ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے نیو ٹیک انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان میں مزید ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر کرنل (ر) عمران توقیر نے کورسز کے حوالے سے بریفنگ دی اور ادارے کی سرگرمیوں اور طلباء کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔کرنل (ر) عمران توقیر نے بتایا کہ نیو ٹیک کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سکیورٹی سے متعلق تین ماہ کے جدید کورسز کروائے جا رہے ہیں جن میں پچاس پچاس طلباء زیرِ تربیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کلاسز میں بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ حاضری اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کےنوجوان خوداعتمادی اور محنت پر یقین رکھتے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
