کراچی۔ ,( نمائندہ خصوصی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کے کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائیٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آگہی دی گئی کہ محکمہ اطلاعات کے چار فلمی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں تین دستاویزی فلمیں اور ایک فیچر فلم شامل ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ان منصوبوں کی تفصیلات، مواد اور ان کے سماجی و ثقافتی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے تحت تیار کی جانے والی نئی دستاویزی اور فیچر فلموں کے آئندہ مراحل، ان کی مارکیٹنگ،
نمائش اور عوامی رسائی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ثقافت، تاریخ اور عوامی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے جدید میڈیا اور فلم سازی کو موثر ذریعہ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نوجوان فلم سازوں اور اداکاروں کو بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لا سکیں، سندھ حکومت فنونِ لطیفہ، فلم اور میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔ اجلاس میں مکمل ہونے والے منصوبوں کو حتمی شکل دے کر جلد عوام کے سامنے لانے اور آئندہ فلمی منصوبوں کے لیے تجاویز بورڈ کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس میں بورڈ اراکین قاضی اسد عابد، ژالے سرحدی، سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات اور دیگر افسران موجود تھے۔
