راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے 15مقامات پر میزائل حملوں کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے خود ڈرامہ رچانے کے لئے امرتسر کے علاقے میں میزائل داغے،ایک میزائل پاکستان کی جانب آیا جسے ڈنگہ کے مقام پر ناکارہ بنا یا گیا ہے، میزائل کی نوعیت معلوم کرنے کے لئے میزائل کا فرانزک کیا جا رہا ہے، پاکستان جب اپنی مرضی سے وقت اور جگہ کا تعین کرکے بھارت کو جواب دے گا تو اسے بیان کرنے کے لئے انڈین میڈیا کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ دنیا بتائے گی کہ پاکستان نے جواب دیا ہے، یہ حق ہم محفوظ رکھتے ہیں ،8مئی کو اسرائیلی ساختہ 29 ڈرونز ناکارہ بنائے،ایک ڈرون فوجی تنصیب تک پہنچا جس کے نتیجے میں 4 فوجی جوان زخمی اور مقام پر جزوی نقصان ہوا، بھارتی حملوں میں مزید 3 شہری شہید،مجموعی شہادتیں 34، زخمیوں کی تعداد 61 ہوگئی۔ وہ جمعرت کی شام نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے خود آدم پور سے چار میزائل فائر کیے جن میں سے تین میزائلوں نے
امرتسر کے عمومی علاقے کوٹارگٹ کیا ،صرف ایک ٹراجیکٹائل نے انٹرنیشنل بارڈر کوعبور کیا۔ ہماری مسلح افواج چوکس تھیں اور اس میزائل کی مانیٹرنگ کررہی تھیں جب ڈنگہ کے علاقے میں میزائل پہنچا تو اسے مانیٹر کر کے ناکارہ کیا کیونکہ ہم نے یہ دیکھنا تھا کہ جہاں ملبہ گرے وہاں کوئی نقصان نہ ہو ۔اس ملبے کی فرانزک ہو رہی ہے، کس طرح کا میزائل ہے اس کو دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین اس طرح کے میزائلوں کو امرتسر کے اندر ہی ہدف بنایا گیا اس کی وجہ سب کے سامنے ہے کیونکہ یہ ڈرامہ کرنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کہا جا رہا ہے کہ 15 مقامات پر پاکستان نے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اس پر کچھ سوالات ہیں۔بھارت کی حکومت اور فوج 18 ویں صدی میں رہتی ہے یا 21ویں صدی میں ہے۔ میزائل جب آتا ہے تو اس پر ڈیجیٹل سگنیچر ہوتا ہے ،اس پر جھوٹی کہانی نہیں بنائی جاسکتی۔ جو ثبوت بھارت 15 اہداف پر حملے کے دکھا رہے ہیں یہ گندم کی زمین ہے کاش یہاں خشک گندم کو آگ ہی لگا لیتے، پتہ نہیں بھارت فلم اور تھیٹر کی دنیا سے نکل کر عملی زندگی میں کب آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت حملہ آور ہوا تو اسے پتہ تھا کہ جواب بھی آئے گا،اگر ان کا ائیر ڈیفنس اتنا اچھا تھا تو پھر اپنے پانچ جہاز بچا لیتے۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان اپنے وقت، جگہ کے مطابق سٹرائیک کرے گا تو اسے بتانے کے لئے انڈین میڈیا کی ضرورت نہیں ہے بلکہ دنیا بتائے گی کہ پاکستان نے سٹرائیک کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو بھی چیزپاکستان آتی ہے اس پر ہماری نظر ہے،چھوٹے کراس سیکشن کے ڈرونز ہیں، جب ڈرونز پاکستان کی حدود میں آئے توانھیں خاص طریقے سے ہینڈل کیا گیا، مناسب ہتھیاروں اور آلات کا استعمال کیا گیا کیونکہ ہماری فضا میں مختلف ممالک کی پروازیں بھی تھیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ابھی تک پاکستان نے 29 ڈرونز کو ناکارہ بنایا ہے صرف ایک ڈرون نے فوجی تنصیب کو جزوی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے حملوں میں تین افراد شہید اور 4 افراد زخمی ہیں۔

