لاہور۔( نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے 23 رکنی تجربہ کار کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے، جس میں مقامی و غیر ملکی کمنٹیٹرز شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کے سابق آل رائونڈر کارلوس بریتھویٹ پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے جبکہ آسٹریلیاء کی سابق ویمنز کرکٹر لیزا اسٹالیکر بھی
ایک بار پھر پینل کا حصہ ہوں گی۔اس طرح سابق قومی کپتان شعیب ملک جو پی ایس ایل کے تمام گزشتہ 10 ایڈیشنز میں بطور کھلاڑی شریک رہے، اس بار اردو کمنٹری پینل میں نظر آئیں گے، ان کے ساتھ سلمان بٹ اور ثناء میر بھی شامل ہوں گے۔اردو کمنٹری پینل میں ایاز چوہدری، مارینا اقبال، شاہ فیصل اور طارق سعید بھی شامل ہیں، یوں یہ سات رکنی خصوصی اردو پینل ہوگا۔انگلش کمنٹری پینل میں جین پال ڈومینی، مائیک ہیزمین، ڈومینک کارک، نک نائٹ، مارک بچر، مارٹن گپٹل، گریگ بلیوٹ، لیزا اسٹالیکر اور اطہر علی خان جیسے معروف نام شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم، رمیز راجہ، عامر سہیل، عروج
ممتاز خان اور بازید خان بھی کمنٹری کریں گے جبکہ سکندر بخت بھی اس پینل کا حصہ ہوں گے۔پریزنٹرز میں آسٹریلیاء کی نیروولی میڈوز اور جیس کرو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بنیں گی جبکہ زینب عباس اور سکندر بخت بھی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ تجربہ کار کمنٹیٹرز کی شمولیت سے شائقین کو معیاری اور دلچسپ کمنٹری سننے کو ملے گی اور وہ گھروں میں بیٹھ کر میچز سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا۔
