لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا۔ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا۔یہ فیصلہ حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت اور ملک میں جاری کفایت شعاری اور وسائل کے تحفظ کے اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ایونٹ کے میزبان شہروں کی تعداد چھ سے کم کر کے دو کر دی گئی ہے اور اب تمام میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز 39 دنوں میں کھیلے جائیں گے، جن میں دونوں شہر 22، 22 میچز کی میزبانی کریں گے۔ افتتاحی میچ حیدرآباد کنگزمین اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔لاہور میں ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2 اور فائنل کھیلا جائے گا ،جبکہ کوالیفائر کراچی میں ہوگا۔اس بار ٹورنامنٹ کو عارضی طور پر گھر بیٹھ کر دیکھنے کے ماڈل پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت نشریاتی اور پروڈکشن معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق اگرچہ اسٹیڈیمز میں شائقین کی کمی محسوس کی جائے گی، تاہم روزانہ ہزاروں افراد کی آمد و رفت سے توانائی کے وسائل پر پڑنے والے دباو کو کم کرنے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔ چھ شہروں میں ایونٹ کے انعقاد کے مقابلے میں دو شہروں تک محدود کرنے سے سفری، انتظامی اور یوٹیلیٹی اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل بدستور اعلی معیار کی کرکٹ کی فراہمی اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی روایتی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
