کولمبو ۔( نمائندہ خصوصی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے اہل خانہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نازیبا پیغامات اور بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر کھیل کے حلقوں میں افسوس اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔منگل کو کھیلے گئے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے سنسنی خیز معرکے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرادیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے
ہوئے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے۔ جواب میں حریف ٹیم نے آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔میچ کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کی گئی، تاہم بعض افراد نے حد پار کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا کے اہل خانہ کو بھی نشانہ بنایا۔ان کی اہلیہ صبا نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اور ان کے معصوم بیٹے کو برا بھلا کہنے سے کوئی بھی عالمی کپ نہیں جیت سکتا۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی۔صبا کا بیان تیزی سے مقبول ہوا جس کے بعد کئی معروف کھلاڑیوں نے اس عمل کی مذمت کی۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی تبریز شمسی نے بھی اہل خانہ کو نشانہ بنانے کے رویے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے سلمان علی آغا اور ان کے خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔کھیل سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، مگر کھلاڑیوں کے خاندانوں کو تنقید کا نشانہ بنانا کسی طور مناسب نہیں، اس لیے شائقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

