لاہور(اسپورٹس رپورٹر):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) اور پاکستان سپر لیگ کی تین بار کی فاتح فرنچائز لاہور قلندرز کے درمیان ایک تاریخی اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد ملک بھر میں فٹ بال کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور نچلی سطح (گراس روٹ) پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع پروگرام کا آغاز کرنا ہے۔لاہور میں منگل کے روز منعقدہ ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت (MoU)پر دستخط کیے گئے، جو پاکستان کے فٹ بال
ایکو سسٹم میں لاہور قلندرز کے کامیاب کرکٹ ڈویلپمنٹ ماڈل کو نقل کرنے کے ایک پرجوش سفر کا آغاز ہے۔ اس معاہدے کے تحت منظم ٹیلنٹ ہنٹ، ہائی پرفارمنس ٹریننگ، اسکول اور ڈسٹرکٹ لیول کے مقابلوں اور ملک گیر آٹ ریچ پروگراموں کی راہ ہموار ہوگی۔اس تاریخی معاہدے پر پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی اور لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف نعیم رانا نے دستخط کیے۔ اس موقع پر قلندرز کے اسٹریٹجک پارٹنرز (ایچ آر ایل) سے جہانزیب زاہد اور عمران زاہد بھی موجود تھے۔اس شراکت داری کا اصل مقصد کرکٹ ٹیلنٹ کو نکھارنے کے قلندرز کے آزمودہ فارمولے کو فٹ بال میں لاگو کرنا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاطف رانا نے اس ویژن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: "لاہور قلندرز پاکستان میں فٹ بال کی حمایت اور اسے فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ سید محسن گیلانی کی قیادت میں پی ایف ایف ملک بھر میں فٹ بال کی بحالی کے لیے پرعزم ہے، اور ہم فٹ بال میں بھی وہی پیشہ ورانہ ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جو ہم نے کرکٹ میں کامیابی سے بنایا ہے۔”عاطف رانا نے مزید کہا کہ جس طرح قلندرز کے ‘پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام’ نے گلی محلوں کے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی کرکٹرز میں بدلا، اب پی ایف ایف کے ساتھ مل کر وہی راستہ فٹ بالرز کے لیے بنایا جائے گا تاکہ انہیں تربیت دے کر دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
لاہور قلندرز نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر تنظیمی صلاحیتیں، تکنیکی مہارت اور ملک گیر نیٹ ورک فراہم کریں گے۔عاطف رانا کا کہنا تھا کہ "قلندرز پوری قوت اور وسائل کے ساتھ پی ایف ایف کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ محض علامتی نہیں بلکہ ایک طویل مدتی عہد ہے۔”پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس شراکت داری کو پاکستان کے فٹ بال کے بیانیے کی تعمیرِ نو کی جانب ایک ‘تاریخی اور معنی خیز قدم’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا: "کامیابی ہمیشہ اجتماعی کوشش کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ہم ان اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ملک کے لیے نتائج دینے کی اپنی صلاحیت ثابت کی ہے، اور لاہور قلندرز اس فہرست میں سرِفہرست ہیں۔”سید محسن گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا ایک مثبت اور ترقی پسند امیج پیش کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے عاطف رانا کے ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ انہیں بین الاقوامی ستاروں میں تبدیل کیا جائے گا جو عالمی اسٹیج پر فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
