کولمبو۔( نمائندہ خصوصی):پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ کھلاڑی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کیلئے پرجوش اوربھرپور مقابلے کیلئےتیار ہیں۔ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ میچ کھیل کے بہترین جذبے کے ساتھ کھیلا جائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کا ریکارڈ بھارت کے خلاف زیادہ اچھا نہیں رہا، تاہم اس بار ٹیم پراعتماد ہے اور بھرپور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما مکمل فٹ ہو کر کھیلیں کیونکہ وہ مضبوط حریف کے خلاف مقابلہ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کپتان سوریا کمار نے کہا ہے کہ ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام تیاریاں شیڈول کے مطابق جاری رہیں، پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ اہم ہوتاہے اور میچ کیلئے کھلاڑیوں کی توجہ بنیادی کھیل اور اپنی حکمت عملی پر مرکوز ہے۔ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہینڈ شیک سے متعلق سوال پر سوریاکمار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ٹاس کے وقت کیا ہوگا، اس کے لیے 24 گھنٹے انتظار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھی کرکٹ کھیلنے آئی ہے اور اصل جواب میدان میں کارکردگی سے دیا جائے گا۔ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے بھارتی کپتان نے تصدیق کی کہ اوپنر ابھیشیک شرما مکمل فٹ ہیں اور پاکستان کے خلاف میچ میں دستیاب ہوں گے۔ ممکنہ پلیئنگ الیون سے متعلق سوال پر انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کلدیپ یادو کھیلیں تو وہ کھیلیں گے، جس پر پریس کانفرنس میں خوشگوار ماحول دیکھنے میں آیا۔بھارت کی بیٹنگ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم کو ٹورنامنٹ میں قدرے مشکل آغاز ملا اور مڈل آرڈر کو کچھ چیلنجز کا سامنا رہا۔ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اتار چڑھاؤ کھیل کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو مشکل وکٹ پر اپنی انفرادی حکمت عملی کے ساتھ ذمہ داری نبھانا ہوتی ہے۔۔کولمبو میں ہونے والا یہ ہائی وولٹیج مقابلہ شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور دونوں ٹیمیں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

