دمبولا۔(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0- 1کی برتری حاصل کر لی،گرین شرٹس نے 129 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، صاحبزادہ فرحان نے شاندار نصف سنچری سکور کی، شاداب خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو دمبولا میں
کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 128 رنز تک محدود کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، جانتھ جیالانگے 40رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے،کپتان داسن شناکا 12،کوسل مینڈس 14 پاتھم نسانکا 12،کامل مشرا صفر،دھنن جایاڈی سلوا 10،چارتھ آسالنکا 18 رنز بنا کر سکے، پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے اورابرار احمد نے 3،3 جبکہ شاداب خان اور
محمدوسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ٹیم کو 59رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر صائم ایوب 24 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، کپتان سلمان آغا 16 رنز بنا سکے، 101 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب
صاحبزادہ فرحان 51رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد چمیرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، فخرزمان 5 رنز بنا سکے، 106 کے مجموعی سکور پر 4وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان نے عثمان خان کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلوائی،شاداب خان 18 اور عثمان خان 7رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،میزبان ٹیم کی طرف سے تیشانکا، چمیرا،ہسارنگا اور ڈی سلوا نےایک،ایک وکٹ لی۔
