کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ میڈیا کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، کیونکہ وہ معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتا ہے، میڈیا خرابیوں کی نشاندہی کر کے اسے ٹھیک کرنے کی طرف توجہ مبذول کرواتا ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے الیکٹرونیک میڈیا کے بیورو چیفس کے اعزاز میں گورنر ہاﺅس میں دئے گئے استقبالیہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال، صوبہ کی تعمیر و ترقی کے اقدامات، شہر قائد میں صحت و صفائی کی صورتحال، نئے ایڈمنسٹریٹر سے توقعات پر بات چیت کی گئی ۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے مابین تعلقات، بطور وفاق کے نمائندے گورنر کی ذمہ داریاں ، عوام میں آگاہی پھیلانے میں میڈیا کے کردار اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ہم سب کا ہے اس کی بہتری کے لئے مل کر اقدامات کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الہ دین پارک جلد بطور جناح پارک شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرے گا، سپریم کورٹ کے احکامات پر اس کی از سر نو تعمیر کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کو اسٹریٹ کرائمز پر کنٹرول کے لئے احکامات جاری کئے ہیں۔