سوات(نیٹ نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک ) سوات میں پاک فوج کے ڈویژن ہیڈکوارٹرز کی 15 سالہ خدمات مکمل ہونے کے بعد علاقے میں امن وامان کے امور اب ایف سی خیبرپختونخوا کے حوالے کردیے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانجو کنٹونمنٹ سوات میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تقریب میں سینئر سول و فوجی حکام اور عمائدین نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 2018 میں مالاکنڈ ڈویژن میں ریاستی رٹ کی بحالی کے بعد اختیارات سول انتظامیہ کو دیئے گئے تھے۔ آرمی ڈویژن مالاکنڈ سیکورٹی، ترقیاتی منصوبوں کی سپورٹ کے لیے موجود تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق علاقے میں امن کی بحالی مقامی افراد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کانجو کنٹونمنٹ سوات کی تشکیل پر پاک فوج سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ نیا کینٹ علاقے میں دیرپا امن کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔