نیویارک( نمائندہ خصوصی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اقوام متحدہ یوتھ آفس اور فیفا کے زیر اہتمام ون ورلڈ، ون گیم، ون گول: نوجوانوں کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ میں فٹبال کا کردار کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی فٹبال میں پاکستان کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی ذہنی صحت، سماجی شمولیت اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔۔ وزیراعظم آفس یوتھ افیئرز ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں موجود معزز مہمانوں، نوجوان نمائندوں اور بین الاقوامی مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے TRIONDA متعارف کرائی، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی سرکاری میچ بال ہے اور پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی اس شاندار
روایت کا تسلسل ہے کہ ملک کئی فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے سرکاری میچ بالز تیار کرتا رہا ہے، جو پاکستانی صنعت، مہارت اور عالمی معیار کی دستکاری کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنرمندوں کے ہاتھوں تیار کردہ TRIONDA صرف ایک فٹبال نہیں بلکہ مہارت، مواقع اور کھیلوں کی اس طاقت کی علامت ہے جو مختلف ممالک، ثقافتوں اور معاشروں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کھیلوں کو نوجوانوں میں خوداعتمادی، ثابت قدمی، احساسِ وابستگی اور ذہنی صحت کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنا رہا ہے، تاکہ کوئی بھی نوجوان ترقی کے مواقع سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں مثبت سوچ، صحت مند طرزِ زندگی، سماجی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں اور انہیں ایک پرامن، بااختیار اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔اپنے خطاب کے اختتام پر رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کی قیادت اور نوجوانوں کی جانب سے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا کہ جب نوجوان ایک ساتھ کھیلتے ہیں تو وہ ایک ساتھ کھڑا ہونا سیکھتے ہیں، اور جو نسل ایک ساتھ کھڑی ہوتی ہے وہ ایک زیادہ پرامن، جامع اور بہتر دنیا کی تعمیر کر سکتی ہے۔اس تقریب میں پالیسی سازوں، بین الاقوامی اداروں، نوجوان رہنماؤں اور کھیلوں سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی، جہاں نوجوانوں کی ذہنی صحت، فلاح و بہبود اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں فٹبال کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

