اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے پاکستان میں انٹرن شپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سکالرز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور عالمی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ’’اڑان اوورسیز پاکستان سمر سکالرز پروگرام‘‘ کے سکالرز نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ سکالرز وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے تحت پاکستان کو درپیش مسائل پر تحقیق کے لیے چھ ہفتوں کی انٹرن شپ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کا پاکستان میں انٹرن شپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں آج پاکستانی طلباء و طالبات ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سکالرز کو حکومت کے اصلاحاتی
ایجنڈے پر بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا تب ہنگامی معاشی اصلاحات کے ذریعے استحکام کا حصول ممکن ہوا۔ جامع اصلاحات میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن اور محاصل میں اضافہ، کاروبار میں آسانی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، زرعی شعبے کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، قابل تجدید توانائی کا فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سمیت اصلاحات شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ موثر انفورسمنٹ اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 800 ارب روپے سے زائد اضافی محصولات جمع کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کا مقصد مضبوط، خود کفیل اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت اور قوم کی بھرپور حمایت سے پاکستان نے مئی 2025ء میں بھارت کو شکست دی۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ رکوانے میں پاکستان کی ثالثی کا کردار پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک نمایاں باب ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی جو عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعظم نے سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور عالمی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں طلباء و طالبات نے مختلف شعبوں میں بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیر مملکت برائے قومی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
