کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ بیلٹ اور پختون بیلٹ دونوں ایک جیسے مسائل سے دوچار ہیں، تاہم فرق یہ ہے کہ پختون بیلٹ کے لوگ کاروباری ذہن رکھتے ہیں، اس لیے وہ کسی نہ کسی طرح کاروبار اور روزگار کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ جبکہ بلوچ بیلٹ کے
لوگوں کے لیے ایسے مواقع محدود ہیں، جس کی وجہ سے وہ زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔بلوچ بیلٹ پر خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ جب لوگوں کے بنیادی مسائل طویل عرصے تک حل نہیں ہوتے تو وہ اپنے حالات سے تنگ آ کر دوسری طرف دیکھنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جب کسی کو طاقت ملتی ہے تو وہ خدا بن کر بیٹھ جاتا ہے۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ وہ 2002 سے بلوچستان میں کام کر رہی ہیں اور اپنے تجربے کی بنیاد پر یقین رکھتی ہیں کہ اگر سنجیدگی سے کوشش کی جائے تو بلوچستان کے مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگ نہایت باوقار، محبت کرنے والے اور بااخلاق ہیں، اس لیے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔

