اسلام آباد۔کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن اور رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نے یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت اور ان کے عقیدت مند ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور نے امت مسلمہ کو میدان کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلا تا
ہے۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ یہ دن حق و باطل، انصاف کے حصول اور ظلم کے خلاف لازوال جدوجہد کی علامت ہے اور اصولوں کی پاسداری میں ثابت قدمی کی لازوال مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت اور ان کے ساتھیوں نے حق، عدل، راستبازی اور اسلام کی سربلندی کے لیے کربلا میں بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا اور اہل بیت کی عظیم قربانی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ ظلم اور بربریت کبھی حق و صداقت پر غالب نہیں آسکتی۔رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نےمزید کہا کہ واقعہ کربلا نے انسانیت کو حق کی تلاش میں حوصلے اور وقار کے ساتھ مشکلات اور آزمائشوں کا مقابلہ کرنے اور کبھی بھی باطل اور ناانصافی کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کا درس دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ سچائی، دیانت، انصاف اور اخلاقی جرأت کی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت اور تمام شہدائے کربلا کی پیروی کرے۔
