راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی):اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور امن کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق ایرانی صدر نے
خطے میں مکالمے، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے دوران تنازعات کے پرامن حل اور علاقائی فریقین کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔

