کوئٹہ(نمائندہ خصوصی )۔صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میرظہور بلیدی نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کسی بھی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل، پالیسیوں پر عملدرآمد اور حکومتی امور کی بہتری میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ داخلی اور انتظامی چیلنجز سے
نمٹنے کے لیے سرکاری افسران پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، جنہیں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھانا ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC) کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ
بلوچستان کو سماجی و اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ ان مسائل کے حل میں بیوروکریسی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی افسران کی مؤثر کارکردگی ناگزیر ہے۔ظہور بلیدی نے کہا کہ بیوروکریسی مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہی ہے اور مختلف شعبوں میں بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کورس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرام افسران کو نہ صرف نئی
مہارتیں سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے اور انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا بھی موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیپا جیسے ادارے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہاں حاصل ہونے والا علم، تجربہ اور جدید انتظامی طریقہ کار عملی زندگی میں بہتر
فیصلوں اور مؤثر کارکردگی کا سبب بنتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نیپا میں حاصل کی گئی تربیت، علم اور تجربات کو اپنی سرکاری خدمات میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور باصلاحیت افسران ہی بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور عوامی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کورس کے شرکاء کی کاوشوں کو سراہا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کے ذریعے سرکاری افسران کی صلاحیتوں میں
مزید اضافہ کیا جاتا رہے گا تاکہ وہ قومی اور صوبائی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل نیپا کویٹہ سید علی رضا شاہ نے ادارے کی کارکردگی اور کورس پر جائزہ لیا آخر میں اے ڈی نیپا محمد اسلم غنی نے کورس اور اسکے انتظامات پر مہمان خصوصی کو تفصیلی بریفننگ دی بعد ازاں مہمان خاص نے کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کی۔

