لاہور۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات پر وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جمہوری عمل کے فروغ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اتوار کو یہاں ملاقات کی جس میں ملک کی
مجموعی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مؤثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جمہوری عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔