راولپنڈی (نمائندہ خصوصی):یوم تکبیر کی 28 ویں برسی کے موقع پر آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)ہلال جرات، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نشان امتیاز (ملٹری)تمغہ بسالت اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشان امتیاز (ملٹری)ہلال جرات نے مسلح افواج کی جانب سے قابل فخر پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔جمعرات کو انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جاری پریس ریلیز کے مطابق یوم تکبیر 28 مئی 1998 کے تاریخی موقع کی یاد میں منا یا جاتا ہے جب پاکستان ایٹمی طاقت
بن کر ابھرا اور جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن بحال کیا۔ یہ سنگ میل قوم کے اتحاد، لچک اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔\آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی دور اندیش قیادت، ہمارے سائنسدانوں و انجینئرز کی شاندار خدمات اور مسلح افواج و پاکستانی عوام کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کی تزویراتی صلاحیت ایک مقدس قومی امانت اور خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور قابل اعتماد ڈیٹرنس کی ضامن ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں اور قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں ۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ اس موقع پر اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ جھکتے ہوئے پاکستانی قوم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے اتحاد، چوکسی، لچک اور لگن کے عہد کی تجدید کرتی ہے۔پاکستان مسلح افواج زندہ باد،پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔

