فیصل آباد/چنیوٹ ۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی صرف سفارتی تعلق نہیں بلکہ اعتماد، ترقی، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے جو خطے کے مستقبل کا تعین کر رہی ہے۔عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے ہمراہ ان کا حالیہ دورہ چین سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ کے حوالے سے انتہائی کامیاب رہا۔انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران متعدد اہم معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے جو مستقبل میں پاکستان کی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ ذاتی خرچ پر وزیر اعظم کے ہمراہ چین گئے اور تمام اخراجات خود برداشت کیے کیونکہ قومی مفاد اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ ان کیلئے اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ
مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دونوں ممالک کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستان کے ساتھ دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان ایک ایسے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے جو امریکہ اور ایران کے درمیان مثبت سفارتی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس مؤثر کردار کے پیچھے چین کا اعتماد اور حمایت بھی اہم عنصر ہے۔انہوں نے چین کی ترقی کو دنیا کیلئے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے چند دہائیوں میں کروڑوں افراد کو غربت سے نکال کر ترقی، ٹیکنالوجی اور صنعتی انقلاب کی نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی چین کے وژن، منصوبہ بندی اور قومی یکجہتی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صنعت اور جدید سائنسی شعبوں میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستانی خلا بازوں کی تربیت دونوں ممالک کے تعلقات کے نئے دور کی علامت ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے نوجوانوں کی شہادتیں پوری قوم کیلئے ناقابل برداشت سانحہ ہیں تاہم پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج، وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قومی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے پنجاب حکومت کے “ستھرا پنجاب” پروگرام کے کیمپ کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات کو سراہتے ہوئے اسے عوام دوست اقدام قرار دیا۔ انہوں نے صفائی عملے کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر نماز عید کے بعد شہریوں میں گھل مل گئے، عید کی مبارکباد دی جبکہ بعد ازاں چنیوٹ میں اپنے ڈیرہ پر سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی اور گوشت مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔

