بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی بدلتی دنیا میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مضبوط قوت بنی رہے گی۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ان کی ایسے وقت میں نہایت پرجوش اور خوشگوار ملاقات ہوئی جب پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں،

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی میرے ہمراہ تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ تعاون پر مبنی پاک چین سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے نے صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مخلصانہ امن کوششوں کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی بصیرت افروز چار نکاتی تجویز کو بے حد سراہا، ہم نے سٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے، سی پیک کے اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے اور صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، صاف توانائی، ڈیجیٹل تبدیلی اور خلائی تعاون کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور میں نے صدر شی جن پنگ کے ان تاریخی عالمی اقدامات کو بھی سراہا جو دنیا بھر میں امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بدلتی ہوئی دنیا میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط قوت بنی رہے گی۔

