راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل نشان امتیاز ملٹری، ہلال جرات، ظہیر احمد بابر سدھو نے جمہوریہ ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو، وزیر قومی دفاع یاشر گولر اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر بائیکارٹیکنالوجیز سلچوق بیرکتر کے ساتھ اعلی سطحی ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع، ایرو اسپیس، جدت طرازی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترک فضائیہ ہیڈکوارٹرز آمد پر ایئر چیف کو گارڈ
آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک فضائیہ کے سربراہ نے ترک پائلٹس کی تربیت میں پاکستان ایئر فورس کے تعاون کو سراہا۔ترک وزیر قومی دفاع یاشر گولر سے ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور سٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا جبکہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس تعاون کے شعبوں میں مزید اشتراک کو وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ظہر احمد بابرسدھونے بائیکارٹیکنالوجیزکے چیف سلچوق بیرکتر سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران ایرو اسپیس جدت، بغیر پائلٹ فضائی نظام اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں پیش رفت پر توجہ مرکوز رہی، جو اگلی نسل کی دفاعی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

