اسلام آباد۔ ( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری دینے والا ادارہ بنانے کے لیے بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جو ملک میں بحری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی میں پاکستان میرین اکیڈمی کے دورے کے موقع پر کہی جہاں قائم مقام کمانڈنٹ محمد آصف فاروق نے انہیں ادارے کی ترقی اور تربیتی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اکیڈمی کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کا درجہ دینے کے حوالے سے تمام
متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے،بل کو حتمی منظوری کے لیے مناسب وقت پر قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قائم مقام کمانڈنٹ نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے میری ٹائم سیکٹر اصلاحاتی اقدامات کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی جس میں بنیادی فائر فائٹنگ اور نومبر 2025 میں منعقد ہونے والا نیوی ٹرینر پروفیشنل 5000 کورسز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کے 14 انسٹرکٹرز کو کوالیفائیڈ ٹرینرز کا درجہ دیا جا چکا ہے جس سے ادارے کی تربیتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ کمانڈنٹ کے مطابق اکیڈمی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 42 کروڑ 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی فنڈنگ کے ذریعے فراہم ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے شمولیتی پالیسی پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اکیڈمی اپنے تربیتی پروگرامز کو بلوچستان کے طلبہ تک بھی توسیع دے، اس مقصد کے لیے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کو اپ گریڈ کرنے کا اقدام میری ٹائم شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور علاقائی و عالمی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔

