کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام ہفتہ کی شام معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا مقصد وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، پاک فوج کی خدمات کو سراہنا اور معرکہ حق کے دوران
قومی میڈیا کے مثبت اور ذمہ دار کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، نائب صدر ارشاد کھوکھر، سیکرٹری اسلم خان، خازن عمران ایوب، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع، گورننگ باڈی کے ارکان عبدالجبار ناصر، اختر سومرو، شیما صدیقی،جاوید صبا،کراچی پریس کلب کے سابق صدر سعید سربازی ،پریس کلب کی پریس اینڈ انفارمیشن کمیٹی کے سیکرٹری اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن،ویجیلنس کمیٹی کے سیکرٹری سردار عامر خان،کے یوجے دستور کے سیکرٹری اطلاعات اظفروقاص عباسی،سینئرممبران حامد الرحمن،نصیراحمد، حنیف عابد، ابوالحسن، اطہرحسین، قیصر خان،لیاقت مغلل، جاویدجئے جا سمیت پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعدادموجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے
صدرفاضل جمیل نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک جنگ یا معرکہ نہیں بلکہ قومی غیرت، اتحاد اور حب الوطنی کی عظیم داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وطن کو کسی مشکل صورتحال کا سامنا ہوا، پاکستان کے عوام اور افواج نے متحد ہوکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معرکے کے دوران پاکستانی میڈیا نے انتہائی ذمہ داری، دانشمندی اور قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ میڈیا نے نہ صرف حقائق کو دنیا کے سامنے پیش کیا بلکہ دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کا موثر جواب بھی دیا۔ فاضل جمیل نے کہا کہ آج کی
تقریب دراصل ان تمام صحافیوں، رپورٹرز، کیمرہ مین، فوٹو جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے جنہوں نے قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلم خان نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سچائی اور ذمہ داری کے ساتھ رپورٹنگ کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن پاکستانی میڈیا نے اس آزمائش میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران میڈیا نے قوم کے حوصلے بلند رکھنے، عوام تک درست معلومات پہنچانے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا موقف اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اسلم خان نے کہا کہ صحافی
برادری ملک کے دفاع اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر اس قوت کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی جو پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں نے ہمیشہ آمریت، دہشت گردی اور بیرونی دبائو کے خلاف جراتمندانہ کردار ادا کیا ہے اور آج بھی میڈیا قومی یکجہتی کی علامت بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا
نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی کیونکہ انہی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر قائم ہے۔اس موقع پر معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے پاک فوج، شہدا اور میڈیا ورکرز کے حق میں نعرے لگائے جبکہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر پریس کلب کے ممبران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر مشکل وقت میں اپنی افواج اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی یاد ہمیشہ قوم کے حوصلے، قربانی اور اتحاد کی علامت کے طور پر زندہ رہے گی۔

