لاہور(نمائندہ خصوصی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریڈ کریسنٹ سے وابستہ رضاکاروں اور تمام متعلقین کی خدمات کو سلام پیش کیاہے۔ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحریک کے شراکت داروں کو ان کی بے لوث خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ
’’یونائیٹڈ ان ہومینیٹی ‘‘کے زیر عنوان ریڈ کریسنٹ ڈے ہمیں اتحاد اور انسانیت پر یقین کی جانب مائل کرتا ہے، یہ موضوع انسانیت، ہمدردی اور یکجہتی کی پائیدار طاقت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے،موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کی صورت میں ہلال احمر جیسی تنظیموں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، انسانیت کی خدمت کیلئے سماجی رضاکار صف اول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے ،معاشرے کے کمزور طبقات کے خصوصی تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، محفوظ اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کرنے کا تجدید عہد کرتے ہیں۔
