لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
