اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):اینٹی نارکوٹکس فورس ریہیبلیٹیشن سینٹر کے انچارج ڈاکٹر کرنل (ر) ملک ایوب اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے دشمن کو بھرپور اور موثر جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے، دشمن کی جانب سے جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور مناسب وقت پر مربوط حکمت عملی کے تحت جواب دیا۔ ’’معرکہ حق‘‘ کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال
سے برتری ثابت کی۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور مناسب وقت پر مربوط حکمت عملی کے تحت جواب دیا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ طور پر ایک مربوط ملٹی ڈومین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا جس میں سائبر، انٹیلیجنس اور الیکٹرانک وارفیئر جیسے شعبوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔کرنل (ر)ایوب اعوان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے اور اس نے کبھی بھی پہل نہیں کی بلکہ ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اپنائی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشیدگی بڑھانے والے عناصر کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ حالات میں پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی قابل تحسین رہی ہیں جن کے باعث عالمی سطح پر ملک کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگی ماحول انسانی ذہن پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے اور موجودہ صورتحال بھارت کے لیے ایک نفسیاتی دھچکے کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں دانشمندی کا تقاضا ہے کہ خطے کے ممالک کشیدگی کے بجائے مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کریں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلق ہی ملک کی اصل طاقت ہے اور اسی اتحاد کے باعث پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔


