اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات و تعاون کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے راستے کو فروغ دے رہا ہے،خطے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششیں انہی اصولوں کی آئینہ دار ہیں۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے کثیرالجہتی اور سفارت
کاری کے ذریعے امن کےعالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کثیرالجہتی اور سفارت کاری برائے امن کے عالمی دن کے موقع پر حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات، تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے، ایسے وقت میں جب عالمی برادری کو پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے راستے کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی ثالثی کی جاری کوششیں انہی اصولوں پر کاربند ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ اپنی کی مستقل وابستگی، امن کی خواہش اور بین الاقوامی تعاون کی رہنمائی میں اختلافات کے خاتمے اور علاقائی و بین الاقوامی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

