لاہور۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے زکوة و عشر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سٹاف آفیسر راشد نصراللہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی اور صوبے کے کروڑوں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے۔جمعہ کے روز لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں
مدعو کیا، لاہور پریس کلب کا دنیا بھر میں اہم مقام اور کردار ہے۔راشد نصراللہ نے بتایا کہ وزیراعلی ٰمریم نواز صوبے کے 12 سے 13 کروڑ عوام کی فلاح کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوة و عشر کے تحت بیوائوں اور یتیموں کو ایک، ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے ایک خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بتایا کہ اس نے کبھی ایک لاکھ روپے اکٹھے نہیں دیکھے، جس سے عوامی ضروریات کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رحمت
کارڈ کے تحت 50 لاکھ افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی خوبصورتی کی بحالی نواز شریف کا خواب تھا، جسے عملی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور (لہر) منصوبے کے تحت شہر کے 12 دروازوں اور داتا دربار سمیت اہم مقامات کی بحالی پر کام جاری ہے۔
