اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پنجاب میں 8,500 مستحق خاندانوں میں غذائی پیکجز کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ یہ سرگرمی پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ منصوبے کے آخری مرحلے کے تحت انجام دی گئی، جس کا مقصد غذائی قلت کا شکار اور مستحق افراد کو بنیادی خوراک کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔اس اقدام کے تحت 97 کلوگرام وزن کے حامل غذائی پیکجز پنجاب کے مختلف اضلاع میں مستحق اور کمزور طبقات میں
تقسیم کیے گئے، جن میں سے زیادہ تر حالیہ سیلاب سے متاثرہ تھے۔ اس مرحلے میں 10 اضلاع میں مجموعی طور پر 8,500 پیکجز تقسیم کیے گئے، جن میں ملتان (جلالپور پیر والا) 1,000، بہاولپور 1,000، مظفرگڑھ (علی پور) 900، بہاولنگر 1,600، راجن پور 500، ننکانہ صاحب 500، خانیوال (کبیر والا) 700، رحیم یار خان 700، چنیوٹ 800، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 800 شامل ہیں۔ہر پیکج میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلوچینی ، 5 کلودال چنا، اور 2 کلو کھجور شامل تھیں، جس سے مستفید خاندانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملی۔تقسیم کا عمل نیشنل ڈیزاسٹر
مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے شراکت دار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف اور منظم طریقے سے مکمل کیا گیا۔یہ اقدام پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور کمزور طبقات کو بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مسلسل عزم کا عکاس ہے، جو دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کے مشن کے تحت ضرورت مند افراد کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔
