اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس سے کاروباری روابط میں وسعت اور برآمدات میں اضافے کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس سے ملاقات میں یہ بات کی. ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم 28 اور 29 اپریل 2026
کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا، جس میں 300 سے زائد یورپی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے دوران پاکستانی اور یورپی کمپنیوں کے درمیان سینکڑوں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوں گی، جو باہمی تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔جام کمال خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس فورم پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور ملک کا مثبت اور کاروبار دوست تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم ایونٹ کی کامیابی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اسے مستقبل میں ایک مستقل پلیٹ فارم بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ یورپی سفیر نے پاکستان کی برآمدی کارکردگی میں جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاکستانی برآمدات کے لیے ایک اہم ستون قرار دیا۔ وزیر تجارت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیرف اصلاحات اور درآمدی پالیسی میں بہتری کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے شفاف اور مستحکم پالیسیوں کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ملاقات میں پاکستان، یورپی یونین اور خلیجی ممالک کے درمیان سہ فریقی سرمایہ کاری مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ نجی شعبے کے روابط کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

