ماسکو۔( نمائندہ خصوصی):روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اورروس توانائی، تجارت، دفاع اور علاقائی سلامتی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مسلسل بڑھا رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تزویراتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی عوام روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔پاکستان میں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس
وقت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں، جو دو طرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان اور روس متبادل کرنسیوں بشمول روسی روبل اور چینی یوآن میں دوطرفہ تجارت کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی مالیاتی پابندیوں کے پیش نظر تجارت کے لیے کرنسی کے متبادل طریقہ کار کو اپنا رہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے برکس کو عالمی اقتصادی منظر نامے میں ایک ابھرتا ہوا پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برکس میں شمولیت کا خواہشمند ہے، اور امید ہے پاکستان کی اس خواہش کو وسیع تر بین الاقوامی حمایت حاصل ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں نمایاں وسعت آئی ہے جس میں توانائی، دفاع، اقتصادی تعاون اور علاقائی سلامتی شامل ہیں۔سکیورٹی تعاون پر انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک انسداد دہشت گردی پر مل کر سرگرم عمل ہیں اور شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کا حصہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستانی اور روسی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں رواں سال ستمبر میں پاکستان میں ہونے والی ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دفاعی تعلقات پر زور دیا جائے گا۔سفیر نے پاکستان کے روس کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد علاقائی استحکام اور باہمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
