اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان نے مسجدِ اقصیٰ (الحرم الشریف) پر اسرائیلی قابض افواج کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قابلِ مذمت اقدام مقدس مقام کی حرمت اور اس کے تاریخی تشخص پر براہِ راست حملہ
اور بین الاقوامی قانون سمیت اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ کی مذہبی، تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل یا کمزور کرنے کی تمام کوششوں کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور
دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کی روک تھام کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔بیان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے منصفانہ مؤقف کی اپنی غیر متزلزل اور اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جس میں ان کا حقِ خودارادیت بھی شامل ہے اور ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور وہ جغرافیائی طور پر منسلک فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

